بنگلورو۔26؍مارچ(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے جنتادل (ایس) اور بی جے پی پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جنتادل (ایس) اب سیکولر سیاسی جماعت کے طور پر باقی نہیں رہی ہے۔ میسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) نے فرقہ پرست بی جے پی سے ساز باز کرلی ہے۔ اسی لئے ریاستی عوام کو ابھی سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کانگریس پارٹی ریاست میں ترقی چاہتی ہے جبکہ جنتادل (ایس) صرف موقع پرستی کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا جانتی ہے، اُدھر ہرکوئی جانتا ہے کہ بی جے پی فرقہ پرست سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس وقت کمار سوامی نے بی جے پی سے ہاتھ ملا کر حکومت قائم کی تھی تب دیو ے گوڈا نے کمار سوامی کو متنبہ کیا تھا کہ ان کے مرنے کے بعد ہی وہ ایسی حکومت بنالیں۔ فرقہ پرستوں کے متعلق دیوے گوڈا کا وہ جذبہ آج باقی نہیں رہا۔ اب جبکہ کمارسوامی کھلے عام بی جے پی سے میل جول بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں تو دیوے گوڈا کا وہ جذبہ کیا ہوا ؟
انہو ں نے کہاکہ آج بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے میں خود دیوے گوڈا پیش پیش نظر آرہے ہیں ، اس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ دیوے گوڈا نے فرقہ پرستوں کے متعلق جو موقف اپنایا ہے وہ دکھاوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میسور میں صدر کانگریس راہول گاندھی کا روڈ شو اور جلسۂ عام غیر متوقع اور غیر معمولی طور پر کامیاب رہا ہے۔ اس کیلئے وہ میسور کے عوام کے مشکور ہیں۔ راہول گاندھی کے روڈ شو اور جلسۂ عام میں لوگوں کی شرکت کو دیکھ کر کانگریس پارٹی کے حوصلے اور بلند ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کانگریس امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دینے کا عمل الیکشن کمیٹی میٹنگ میں جاری ہے، فوری طور پر 150 ؍ امیدواروں کی فہرست اعلیٰ کمان کو روانہ کردی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ اپریل کے پہلے ہفتے میں راہول گاندھی ریاست کے ملناڈ علاقوں میں’’جن آشیرواد یاترا‘‘ میں حصہ لیں گے اور6؍ اپریل کو بنگلور میں ایک بہت بڑے جلسۂ عام سے مخاطب ہوں گے۔